
(24 ںیوز )فرانس نے اسرائیل کے انتہا پسند وزیرِ قومی سلامتی اتمر بن گویر کے فرانس میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
فرانسیسی وزیرِ خارجہ جین نویل بارو نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ غزہ جانے والے فلوٹیلا کے ارکان کے ساتھ کیے گئے مبینہ ناروا سلوک پر عالمی برادری کے بڑھتے ہوئے غصے کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ آج سے اتمر بن گویر کے فرانسیسی سرزمین میں داخلے پر پابندی نافذ کر دی گئی ہے، فرانسیسی وزیرِ خارجہ نے مزید بتایا کہ وہ اپنے اطالوی ہم منصب کے ساتھ مل کر یورپی یونین سے بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ اتمر بن گویر پر مشترکہ پابندیاں عائد کی جائیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق مغربی ممالک کی جانب سے شدید ردعمل اُس وقت سامنے آیا جب بن گویر نے ایک ویڈیو جاری کی، جس میں غزہ جانے والے فلوٹیلا کارکنان کا مذاق اڑایا گیا۔ بعد ازاں بعض کارکنان نے الزام عائد کیا کہ حراست کے دوران انہیں جسمانی تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں :امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی میں مثبت نتیجے کے قریب پہنچ گئےہیں: خواجہ آصف
