گلگت بلتستان میں سات جون کو 24 حلقوں میں انتخابات شیڈول ہیں، جن میں مجموعی طور پر 638 مرد امیدواروں اور 26 خواتین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان کے ترجمان بہادر جمیل نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی تعداد میں خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ادارے میں کل (بروز جمعرات) ملٹی پارٹی کانفرنس طلب کی گئی ہے، جس کا مقصد سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرنا ہے تاکہ انتخابی عمل کو منصفانہ اور شفاف انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
کانفرنس میں انتخابی عمل، ضابطہ اخلاق، باہمی مشاورت، انتخابی امور میں ہم آہنگی اور دیگر متعلقہ امور زیر غور آئیں گے، تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کی آرا اور تجاویز کی روشنی میں انتخابات کے انعقاد کو مزید موثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنانے اور انتخابات کے انعقاد سے متعلق ان کی تجاویز اور رہنمائی فراہم کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔
