دسویں قافلہ کی روانگی ، علمائے کرام کا خطاب ، حج کے دوران مشقتوں کو برداشت کرنے کی تلقین
حیدرآباد۔7۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے توسط سے 4300 عازمین حج کی روانگی عمل میں آچکی ہے اور زائد از 3500 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے توسط سے روانہ ہونے والے 10ویں قافلہ کی آج صبح روانگی عمل میں آئی ۔ 10 ویں قافلہ کی روانگی کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کی عازمین حج نے ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حج کمیٹی نے عازمین حج کی روانگی کیلئے جو انتظامات کئے ہیں وہ لائق ستائش ہیں۔ عازمین حج کے 10ویں قافلہ کو جمیعۃ المشائخ کے ذمہ داروں نے روانہ کیا اور اس موقع پر مولانا ابوالفتح سید بندگی بادشاہ قادری ‘ مولانا سید شاہ مصطفی علی صوفی سعید پاشاہ کے علاوہ محمد معز اللہ کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ مولانا ابوالفتح سید بندگی بادشاہ قادری نے اس موقع پر روانہ ہونے والے عازمین حج سے خطاب کے دوران حج بیت اللہ اور اس کے بعد کی زندگی سے متعلق بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے رسولؐ نے ارشاد فرمایا ہے کہ جس نے اللہ کے حکم کے مطابق حج ادا کیا وہ گناہوں سے اس طرح پاک ہوجاتا ہے جیسے نوزائیدہ بچہ ماں کی کوکھ سے گناہوں سے پاک پیدا ہوتا ہے۔ انہوںنے عازمین حج کو حج بیت اللہ کی ادائیگی کے بعد اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حج بیت اللہ کے دوران ہونے والی مشقتوں کو برداشت کرتے ہوئے حجاج اکرام اللہ کو راضی کروانے میں مصروف ہوتے ہیں لیکن بعض لوگ سرزمین حرم پر بھی معمولی مشکلات کی شکایات کرتے ہوئے اپنی عبادتوں کے وقت کو ضائع کرتے ہیںجو کہ مناسب نہیں ہے۔ اس موقع پر موجودسرکرہ علماء نے عازمین حج کے قافلوں کو جھنڈی دکھا کر ائیر پورٹ کیلئے روانہ کیا جہاں عازمین حج کا خصوصی طیارہ 430 عازمین کے ساتھ جدہ کیلئے روانہ ہوگیا۔3/m/b
